کراچی (اسٹاف رپورٹر)سال بدل گیا تاہم ہیوی ٹریفک کا خونی کھیل ختم نہ ہو سکا ،لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب کنٹینر سے لدے تیز رفتار ٹریلر کی ٹکر سے موٹر سائیکل چلانے والی خاتون جاں بحق ہو گئی،دیگر ٹریفک حادثات میں ایک شخص اور بچی جاں بحق ،3 افراد زخمی ہو گئے،تفصیلات کے مطابق لانڈھی اسپتال چورنگی کے قریب کنٹینر سے لدے تیز رفتار ٹرالر نے موٹر سائیکل چلانے والی خاتون کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئی،حادثے کے بعد قریب موجود شہریوں نے ٹریلر پر پتھراؤ کیا جس کے باعث ونڈ اسکرین ٹوٹ گئی ۔حادثے کا ذمہ دار ٹریلر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ، جناح اسپتال میں متوفیہ کی شناخت 26 سالہ بشریٰ کے نام سے ہوئی،جناح اسپتال میں متوفیہ کے اہلخانہ اور رشتہ دار بھی پہنچ گئے، ایک رشتہ دار نے بتایا کہ متوفیہ لانڈھی ایکسپورٹ پراسیسنگ زون میں لنڈا کی فیکٹری میں ملازم ، آبائی تعلق پنجاب کے شہر اوکاڑہ سے تھا، متوفیہ گزشتہ دس برس سے فیکٹری میں ملازمت کر رہی تھی، تدفین اوکاڑہ میں کی جائے گی،علاوہ ازیں اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے 11 گیارہ حوا گوٹھ میں ٹریفک حادثے میں 40 سالہ نامعلوم شخص جاں بحق ہوگیا ،پولیس نے بتایا کہ فوری طور پر شناخت نہیں ہوسکی، لاش ایدھی سرد خانےمنتقل کردی گئی ، ملیر میں مزدا ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل پر سوار 3 افراد شدید زخمی ہو گئے، مچھر کالونی صدام چوک کے قریب پک اپ کی ٹکر سے 7 سالہ زینب دختر فیصل شدید زخمی ہوگئی اسے سول اسپتال منتقل کیا جارہا تھا کہ راستے میں ہی اس نے دم توڑ دیا،پولیس نے بتایا کہ بچی اور پک اپ ڈرائیور مچھرکالونی کے رہائشی ، بچی کو ڈرائیور ہی اسپتال لے کر گیا تھا ، ڈرائیور کی تلاش جاری ہے۔