• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

صدر مادورو نیویارک جیل منتقل، روڈ ریگز نے عدالتی حکم پر ذمہ داریاں سنبھال لیں

نیویارک ،کراکس، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) صدرمادورونیویارک جیل منتقل ، وینزویلا کے صدر کو آج عدالت میں پیش کیا جائے گا ، نائب صدر روڈریگزنے عدالتی حکم پر ذمہ داریاں سنبھال لیں، ان کا کہنا ہے کہ مادورو کی گرفتاری ’’صیہونی ذہنیت ‘‘ کا عکاس ہے، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دی ہے کہ اگر روڈریگز نے درست فیصلے نہ کئے تو ان کا انجام مادورو سے بھی برا ہوگا،امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو کا کہنا ہے کہ وینزویلا کے دیگر رہنماؤں نے درست فیصلے کئے تو واشنگٹن ان کیساتھ کام کرنے کیلئے تیار ہے، چین نے امریکی اقدام کی مذمت کرتے ہوئے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کی رہائی کا مطالبہ کردیا ہے ۔ وینزویلا کے صدر مادورو اور ان کی اہلیہ کو امریکی فوج نے گزشتہ روز حراست میں لینے کے بعد نیویارک کی جیل منتقل کردیا ہے ،دونوں کو بدنام زمانہ بروکلین جیل میں رکھا گیا ہے ، نارکو دہشت گردی کی سازش سمیت مختلف وفاقی الزامات کے تحت فردِ جرم عائد ہونے کے بعد مادورو کو پیر کو مین ہیٹن کی وفاقی عدالت میں پیش کئے جانے کا امکان ہے،وینزویلا کی نائب صدر ڈیلسی روڈریگز نے عدالتی حکم پر عارضی طور پر صدارتی ذمہ داریاں سنبھال لی ہیں ، انہیں 90روز کیلئےعبوری صدر مقرر کیا گیا ہے ، وینزویلا کی فوج نے اعلان کیا ہے کہ وہ معزول صدر نکولس مادورو کی نائب ڈیلسی روڈریگز کو ملک کی قائم مقام رہنما تسلیم کرتی ہے،وینزویلا کی قائم مقام صدر روڈریگز نے کہا ہے کہ نکولس مادورو کی امریکی گرفتاری ’’صیہونی ذہنیت ‘‘ کا عکاس ہے ،ٹی وی پر خطاب کرتے ہوئے ڈیلسی روڈریگز نے کہا: "دنیا بھر کی حکومتیں اس بات پر صدمے میں ہیں کہ وینزویلا اس نوعیت کے حملے کا نشانہ بنی ہے، جس میں بلا شبہ صیہونی اثرات پائے جاتے ہیں، جارحیت کرنے والوں کو قیمت چکانی پڑے گی ، صدرمادورو نے نومبر میں دعویٰ کیا تھا کہ "صیہونی" ان کے ملک کو "شیطانوں" کے حوالے کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو نے اتوار کو کہا ہے کہ اسرائیل وینزویلا میں امریکا کے "ایکشن" کی حمایت کرتا ہے،چین نے وینزویلا کے صدرنکولس مادورو اور ان کی اہلیہ کی فوری رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے ان کی صحت اور جان کے تحفظ پر زور دیا ہے، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے ایک بار پھر پیشکش کی ہے کہ اگر وینزویلا کے دیگر رہنما ’’درست فیصلے‘‘کریں گے تو واشنگٹن ان کیساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہیں ، ایک انٹرویو میں انہوں نے دھمکی دی کہ انہوں نے درست فیصلہ نہ کیا، تو امریکا کے پاس دباؤ ڈالنے کے کئی ذرائع موجود رہیں گے،انہوں نےکہا کہ نکولس مادورو کی برطرفی کے بعد وینزویلا میں انتخابات کے انعقاد پر بات چیت ابھی "قبل از وقت" ہے، ایران کے وزیرخارجہ عباس عراقچی نےوینزویلا کے ہم منصب کو فون کرکے کہا ہے کہ وینیزویلا کے قانونی صدر اور ان کی اہلیہ کا اغوا ’ریاستی دہشت گردی‘ اور اس ملک کی خودمختاری پر کھلا حملہ ہے۔کیوبا کے صدر میگوئل ڈیاز کینیل نے امریکا کے ہاتھوں وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری کو "ریاستی دہشت گردی" قرار دیتے ہوئے اس کی مذمت کی ہے، اور خبردار کیا ہے کہ وینزویلا کے تیل کی فراہمی میں کمی کیوبا کی کمزور معیشت کو شدید نقصان پہنچائے گی،شمالی کوریا نے اتوار کے روز وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی امریکا کے ہاتھوں گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے "خودمختاری پر سنگین حملہ" قرار دیا ہے، اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ میں امریکی سفارت خانے کے باہرسیکڑوں افراد نے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کی گرفتاری اور "سامراجی جارحیت" کے خلاف احتجاج کیا ، مظاہرین نے متعدد بینرز اٹھا رکھے تھے، جن میں سے ایک پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو وینزویلا کے جھنڈے کے رنگوں والے تیل کے کین کو لالچ سے نگلتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔ تفصیلات کے مطابق امریکی فوج نے وینزویلا کے صدر کو نیویارک منتقل کردیا ہے۔صدر مادورو کو لے کر آنے والا طیارہ ہفتے کی رات نیویارک سٹی کے قریب اترا، جہاں سے انہیں ہیلی کاپٹر کے ذریعے شہر پہنچایا گیا اور سخت سیکورٹی میں بروکلین کے میٹروپولیٹن ڈیٹینشن سینٹر لے جایا گیا۔امریکی حکام کی جاری کردہ تصاویر میں مادورو کو پرواز کے دوران ہتھکڑیاں اور آنکھوں پر پٹی لگائے دیکھا گیا، جبکہ بعد میں انہیں امریکی ڈرگ انفورسمنٹ ایڈمنسٹریشن کے دفاتر میں ایک راہداری سے گزرتے دکھایا گیا، جہاں انہیں ’’نئے سال کی مبارک باد ‘‘دی گئی۔ایلون مسک کی اسپیس ایکس (SpaceX) کی ملکیت، سیٹلائٹ انٹرنیٹ فراہم کرنے والی کمپنی اسٹار لنک نے کہا ہے کہ وہ وینزویلا میں رابطے کے تسلسل کو یقینی بنانے کے لئے "مفت براڈ بینڈ سروس" فراہم کرے گی۔چینی وزارتِ خارجہ نے وینزویلا کے صدر کی گرفتاری پر اپنے بیان میں کہا کہ امریکا نے وینزویلا میں کارروائی کر کے بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کی ہے اور جنوبی امریکا کے امن کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔ایران کے وزیرِ خارجہ عباس عراقچی نے وینزویلا کے وزیرِ خارجہ ایوان خیل پینتو سے ٹیلیفون پر گفتگو ہوئی ہے۔دونوں رہنماؤں نے امریکا کی جانب سے وینزویلا پر حالیہ حملے کے اثرات اور تازہ ترین صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ہے۔ایرانی خبر رساں اداروں کے مطابق عباس عراقچی نے امریکی فوجی کارروائی کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’ وینیزویلا کے قانونی صدر اور ان کی اہلیہ کا اغوا ’ریاستی دہشت گردی‘ اور اس ملک کی خودمختاری پر کھلا حملہ ہے۔‘عراقچی نے اس موقع پر ایران کی جانب سے صدر نیکولس مادورو، ان کی حکومت اور عوام کے ساتھ مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔ایران اور وینیزویلا طویل عرصے سے قریبی اتحادی رہے ہیں۔ وینزیلا کے وزیرِ خارجہ نے بھی ایران کی حمایت پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وینزویلاکے عوام اور حکومت اپنی خودمختاری اور حقِ خودارادیت کے دفاع کے لئےامریکا کی ’غیر قانونی اور زور زبردستی کی سخت پالیسیوں‘ کے مقابلے میں پرعزم ہیں۔شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق، پیانگ یانگ کی وزارتِ خارجہ کے ایک ترجمان نے سرکاری خبر رساں ایجنسی کے سی این اے (KCNA) کے ذریعے جاری کردہ ایک بیان میں کہا کہ "شمالی کوریا وینزویلا میں امریکی تسلط پسندی کی اس کارروائی کی سخت مذمت کرتا ہے۔"انہوں نے مزید کہا، "یہ واقعہ ایک اور ایسی مثال ہے جو ایک بار پھر واضح طور پر امریکا کی بدمعاش اور وحشیانہ فطرت کی تصدیق کرتی ہے۔"

اہم خبریں سے مزید