کراچی(اسٹاف رپورٹر) گرینڈ الائنس آف پراؤیٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کے سربراہی اجلاس میں اعلان کردہ اسکولز کیلئے گائیڈ لائنز برائے فری شپ کی تصدیق بذریعہ اینٹی کرپشن کرانے پر نکتہ چینی کی ہے اور اس عمل کیخلاف عدالت جانے کا اعلان کیا ہے۔ گرینڈ الائنس آف پراؤیٹ اسکولز ایسوسی ایشنز سندھ کا کہنا ہے کہ اینٹی کرپشن کا دائرہ اختیار قانونی طور پر صرف سرکاری اداروں میں بدعنوانی کی روک تھام کیلئے ہوتا ہے۔ فری شپ کے معاملے میں معزز عدالت نے ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کے ڈیٹا کی تصدیق کی ہدایت کی ہے نہ کہ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کی تفصیلات کی تفتیش کا کہا گیا ہے۔پراؤیٹ اسکولز واضح طور پر سمجھتے ہیں کہ وہ تمام ضروری کاغذات بار بار جمع کراتے رہتے ہیں اگر مزید تصدیق درکار ہے تو بھی ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کے دفتر میں جگہ اور وقت کا تعین کیا جائے اور وہاں اسکول کا نمائندہ متعلقہ عملے کو ڈیٹا کی تصدیق کر واسکتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پرائیویٹ اسکولز تعلیم دینے اور فری شپ کی سوشل زمہ داری پوری کرنے کے باوجود اس طرح کی صورتحال کو تعلیمی ادارے کے تقدس، والدین اور اپنی عزت نفس کے خلاف سمجھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن کو معزز عدالت نے ڈائریکٹوریٹ پرائیویٹ انسٹیٹیوشنز کے فراہم کردہ صرف فری شپ معلومات کی تصدیق کی ہدایت کی ہے نہ کہ کسی اور معاملے کی تفتیش کا کہا گیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ اینٹی کرپشن کی جانب سے فری شپ کے ڈیٹا کی تصدیق کے علاوہ کسی بھی قسم کے سوال کا جواب نہیں دیا جائے گا اور اگر کوئی بھی سوال مخصوص معاملے کے علاوہ کیا گیا تو یہ براہ راست ہراسمنٹ سمجھا جائے گا ۔