پیرس (رضا چوہدری /نمائندہ جنگ ) فرانس بھر کے کسانوں کا درالحکومت پیرس کی طرف احتجاجی مارچ شروع ہوگیا ہے ۔بڑھتے ہوئے پیداواری اخراجات اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ کی وجہ سے کسان سراپا احتجاج ہیں۔ فرانس میںکسانوں نے احتجاج کے دوران سڑکیں بلاک اور مظاہرے شروع کردیئے ہیں۔احتجاج کی یہ لہر گزشتہ برس کے آخر میں شروع ہونے والے احتجاج کی بحالی ہے۔جن میں کسان حکومت کی پالیسیوں کیخلاف اپنا غم و غصہ ظاہر کررہے ہیں۔احتجاج کے دوبارہ شروع ہونے کی متعدد وجوہات ہیں جن میں حکومت کی طرف بیمار گائے اور مویشیوں کے اجتماعی کٹاؤ کی حکومتی ہدایات شامل ہیں حکومت نے lumpy skin disease نامی مرض سے متاثرہ گائے مویشیوں کو ذبح کرنے کا حکم دیا، جس پر کسان سخت ناراض ہیں ان کا کہنا ہے کہ اس سے نہ صرف ان کی نسلیں ختم ہوں گی بلکہ معیشت بھی متاثر ہوگی۔ زرعی صنعت کی مالی مشکلات میں اضافہ ہو گا کسانوں کا کہنا ہے کہ 75فیصد کسان مالی مشکلات کا شکار ہیں۔