پیرس (اے ایف پی) فرانسیسی فلم لیجنڈ بریژیت باردو کی تدفین، وجۂ موت کا انکشاف،کینسر کے باعث انتقال کیا،سینٹ ٹروپیز میں آخری رسومات، مداحوں نے پالتو جانوروں کیساتھ بڑی تعداد میں شرکت کی۔فرانسیسی سینما کی عالمی شہرت یافتہ اداکارہ بریژیت باردو کی تدفین بدھ کے روز ان کے آبائی شہر سینٹ ٹروپیز میں انجام دی گئی، جہاں بڑی تعداد میں مداح سڑکوں کے کنارے موجود تھے۔ ان کے شوہر نے بتایا کہ باردو کا انتقال کینسر کے باعث ہوا۔یومِ تعزیت کا آغاز نوترے دام دے لاسومپسیون چرچ میں روایتی کیتھولک عبادت سے ہوا، جہاں ان کا غیر معمولی بان کی لکڑی سے بنا تابوت لایا گیا۔ اس موقع پر ان کے طویل عرصے سے الگ رہنے والے بیٹے نے بھی شرکت کی۔ بعد ازاں، میت کو ایک جلوس کے ذریعے بحیرۂ روم کے کنارے واقع خاندانی قبرستان لے جایا گیا، جہاں قریبی رشتہ داروں اور دوستوں کی موجودگی میں نجی تدفینی تقریب ہوئی۔سینٹ ٹروپیز کی بندرگاہ پر، جہاں یاٹس کی قطاریں نظر آتی ہیں اور جسے باردو نے عالمی سطح پر امیروں اور مشہور شخصیات کا مرکز بنانے میں اہم کردار ادا کیا، سینکڑوں افراد نے بڑی اسکرین پر رسومات دیکھیں۔