کراچی (نیوز ڈیسک) گرین لینڈ بحران، امریکی توسیع پسندی نیٹو کے لیے خطرہ بن گئی۔ ٹرمپ انتظامیہ کی گرین لینڈ پر قبضہ کی منصوبہ بندی، یورپی رہنما اسے دوستی اور نیٹو کا خاتمہ سمجھتے ہیں۔ یورپ کے پاس محدود اور سفارتی راستے ہیں، ڈنمارک کا کہنا ہے نیٹو کے کسی ملک پر امریکی حملے سے اتحاد ختم ہو سکتا ہے۔ ٹائم کی رپورٹ کے مطابق 2026 میں امریکی صدر ٹرمپ کی گرین لینڈ پر ممکنہ توسیع پسندی یورپ کے لیے بڑا سیاسی دھچکا ثابت ہو سکتی ہے۔ 2025 میں یورپی رہنما صرف ایک چیز چاہتے تھے: امریکہ یورپی سلامتی، یوکرین، اور نیٹو میں سرمایہ کاری جاری رکھے۔ مگر اگر امریکہ نیم خودمختار ڈنمارک کی اس سرزمین کو ضم کرنے کی کوشش کرے، تو یہ یورپی حکمت عملی بے معنی ہو جائے گی۔ ٹرمپ انتظامیہ کے سینئر عہدیدار گرین لینڈ میں روسی اور چینی اڈوں کا مقابلہ، میزائل دفاع مضبوط کرنا، بحری افواج میں توسیع اور اقتصادی مفادات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ یورپی رہنما اسے صرف امریکہ کی "دوستی" کا خاتمہ سمجھتے ہیں، کیونکہ پہلے سے موجود نیٹو معاہدے اور امریکی اڈے کافی ہیں، اور سرمایہ کاری بھی کھلی ہے۔ ڈنمارک کے وزیر اعظم میٹے فریڈرکسن نے خبردار کیا کہ اگر امریکہ نیٹو کے کسی ملک پر جارحیت کرے تو نیٹو ختم ہو جائے گا۔