کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما سینیٹر جان محمد بلیدی اور رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ سے تربت یونیورسٹی کے ایل ایل بی فائنل ائیر کے طلبا کی پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں ملاقات ، نیشنل پارٹی کے رہنماوں نے طلبا کا پارلیمنٹ ہاوس پہچنے پر استقبال کیا اور انہیں سنیٹ اور قومی اسمبلی کا دورہ کرایا جبکہ سینیٹرجان محمد بلیدی اور رکن قومی اسمبلی پھلین بلوچ نے طلبا کے اعزاز میں چائے پارٹی کا اہتمام بھی کیا ۔ اس موقع پر طلبا سے بات چیہت کرتے ہوئے نیشنل پارٹی کے رہنماوں نے پارلیمنٹ میں بلوچ قائدین کے سیاسی کردار پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل عوامی پارٹی کی طویل سیاسی جدوجہد کے نتیجے میں ملک میں ون یونٹ ختم ہوا اور ون مین ون ووٹ کی بنیاد پر ملک میں جمہوری نظام عمل میں آیا ، بلوچستان کو صوبے کا درجہ بھی نیپ کی سیاسی و قومی جدوجہد کے بدولت نصیب ہوا ، نیپ کی قیادت نے قید و بند اور جبر کے سامنے سیاسی و جمہوری انداز میں جدوجہد کرتے ہوئے ملک میں پارلیمانی و جمہوری نظام کے قیام میں بنیادی کردار ادا کیا اور آج ملک میں جو جمہوری عمل ہے اس کے لیے ملک کی سیاسی قیادت اور عوام نے بہت قربانیاں دی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ یہ بات درست ہے کہ ملک کی مقتدرہ سیاسی و انتخابی عمل کو سبوتاژ کرتی اور جمہوری عمل پر اثر انداز ہوکر من پسند لوگوں کو اسمبلیوں میں لاتی ہے ۔ آج بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال بہت زیادہ خراب ہے لوگ عدم تحفظ کا شکار ہیں ، وفاق اور صوبے میں حکومت نمائندہ حکومت نہیں بلکہ بدترین انتخابی دھاندلی کی بنیاد پر لائے ہوئے لوگوں کی ہیں، بلوچستان کی سیاسی و جمہوری جماعتوں کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا جب تک صاف و شفاف انتخابی عمل کو یقینی نہیں بنایا جائے گا تب تک حالات روز بہ روز خراب ہی ہوتے رہیں گے ۔