کراچی ( نیوز ڈیسک) آل انڈیا مجلسِ اتحاد المسلمین کے صدر اسد الدین اویسی نےدعویٰ کیا ہے کہ ایک دن حجاب پہنی خاتون بھارت کی وزیر اعظم بنے گی۔ انہوں نے بی جے پی، شیو سینا کے امیدواروں کو ووٹ نہ دینے کی اپیل کی،جبکہ حکمراں پارٹی نےان کے بیان کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیدیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق اسد الدین اویسی نے ایک انتخابی ریلی میں کہا کہ مستقبل میں بھارت کی وزیر اعظم ایک حجاب پہنی ہوئی خاتون ہو سکتی ہے، کیونکہ بھارت کا آئین تمام شہریوں کو مساوی مواقع فراہم کرتا ہے ۔ اویسی نے کہا کہ وہ خود یہ دن نہیں دیکھ پائیں گے لیکن یقین رکھتے ہیں کہ یہ ضرور آئے گا اور مسلمانوں کے خلاف نفرت طویل عرصے تک قائم نہیں رہے گی۔ ان کے بیان پر حکومتی جماعت بی جے پی نے شدید تنقید کی اور اسے غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اویسی نے جزوی سچ پیش کیا، ساتھ ہی مسلمانوں کی حجاب پہننے کی حمایت نہ کرنے کے حوالے سے ایران کی مثال دی۔