لاہور(خالدمحمودخالد) آسٹریلیا نے بھارت کو ہائی رسک ملک قرار دے دیا، بھارتی طلبہ کے ویزوں کی جانچ پڑتال مزید سخت۔ تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا کی وزارت داخلہ نے آج سے نافذ العمل فیصلے میں بھارتی طلبہ کو تعلیمی ویزا کے لیے سب سے زیادہ خطرے کی سطح یعنی ایویڈنس لیول تھری میں شامل کرتے ہوئے بھارت کو ہائی رسک ملک قرار دے دیا ہے۔ آسٹریلیا کے امیگریشن حکام کی طرف سے جاری کردہ پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ یہ غیر معمولی اقدام دستاویزات میں دھوکہ دہی اور ویزا کے غلط استعمال کو روکنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔ عام طور پر قوانین میں ایسی درجہ بندی پر نظرثانی ہر سال جون میں کی جاتی ہے مگر اس مرتبہ یہ اقدام جنوری میں اٹھانا پڑا جس سے معاملے کی سنگینی کا اندازہ لگایا جاسکتا ہے۔