لاہور(خصوصی نمائندہ)پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام (پی ڈی پی) کا ڈیش بورڈ فعال کر دیا گیا ہے اور وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ کو ہر ہفتے میونسپل آفیسرز انفراسٹرکچر (ایم او آئی) سے پراگریس رپورٹ لینے کی ہدایت کی ہے، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ شکیل احمد میاں، پراجیکٹ ڈائریکٹر بریگیڈئیر (ر) اسد محمود، سیکرٹری لوکل گورنمنٹ بورڈ اور دیگر افسران موجود تھے۔ صوبائی وزیر نے ڈیش بورڈ کا جائزہ لے کر ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ "مریم نواز کا سوہنا پنجاب" 52 شہروں کیلئے 313 ارب کا ترقیاتی پروگرام ہے۔ پہلے مرحلے میں 70 لاکھ آبادی کو سیوریج، پارکس، سٹریٹ لائٹس کی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ڈی پی کے تحت مختلف شہروں میں 3397 کلومیٹر سیور بچھایا جائے گا۔ بارانی پانی کے نکاس کے لئے 181 کلومیٹر طویل ڈرینز تعمیر کی جا رہی ہیں۔