• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

20 سوڈانی انجینئرز کو ڈیزائننگ و صنعتی ٹیکنالوجی میں تربیت فراہم

اسلام آباد (ساجد چوہدری ،  اپنے نامہ نگار سے) کامسٹیک  اور نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) کے اشتراک سے 20سوڈانی انجینئرز کو کمپیوٹر کے ذریعے ڈیزائننگ اور جدید صنعتی ٹیکنالوجی میں خصوصی تربیت فراہم کی گئی، انجینئرز نے  ڈیزائن، کمپیوٹر کے ذریعے مینوفیکچرنگ، عددی کنٹرول مشینوں کے آپریشنز اور مشین سازی سے متعلق خصوصی کورس میں شرکت کی، پروگرام کا مقصد انجینئرز کی کنیکی صلاحیتوں میں اضافہ، عملی تربیت کے ذریعے مہارتوں کو بہتر بنانا اور او آئی سی رکن ممالک کے درمیان جنوبی ممالک کے باہمی تعاون کو فروغ دینا تھا، تربیت کے دوران شرکاء کو جدید مینوفیکچرنگ ٹیکنالوجی کے حوالے سے بھرپور عملی تجربہ فراہم کیا گیا۔ انجینئرز نے کمپیوٹر کے ذریعے ڈیزائننگ، کمپیوٹر کے ذریعے تیاری، عددی کنٹرول مشینوں کے آپریشنز اور مشین سازی کی تکنیکوں پر عملی کام کیا۔ اس کے ساتھ ساتھ انہیں جدید صنعتی آلات پر بھی کام کرنے کا موقع ملا جن میں سی این سی لکڑی کٹر، ڈرلنگ اور ٹیپنگ مشینیں، ویلڈنگ آلات، ایلومینیم کٹنگ مشینیں، ٹول گرائنڈر اور شیپر مشینیں شامل ہیں۔ تربیت نیوٹیک کے اساتذہ اور تکنیکی ماہرین کی نگرانی میں مکمل کی گئی، اس تربیتی پروگرام کے دوران پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری نے سوڈانی انجینئرز کے اعزاز میں استقبالیہ بھی دیا، جس میں انسانی وسائل کی ترقی، صلاحیت سازی اور ٹیکنالوجی کی منتقلی کو کامسٹیک کے تعاون کے بنیادی مقاصد قرار دیا گیا، ان سوڈانی انجینئرز کو (کل) منگل کو سرٹیفکیٹس دیئے جائیں گے ، اس حوالے سے تقریب نیشنل یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی (نیوٹیک) میں منعقد ہوگی،تقریب کے مہمان خصوصی  کامسٹیک کے کوآرڈینیٹر جنرل پروفیسر ڈاکٹر محمد اقبال چوہدری ہونگے جبکہ نیوٹیک کے ریکٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) معظم اعجاز اور پاکستان میں سوڈان کے سفیر صالح محمد احمد محمد صدیق بھی شرکت کریں گے۔
اسلام آباد سے مزید