کوئٹہ ( اسٹاف رپورٹر) پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی ضلع کوئٹہ کے بیان میں کوئٹہ شہربالخصوص سریاب، تختانی بائی پاس، شالدرہ، پشتون درہ ، خروٹ آباد، پشتون باغ، پشتون آباد، سیٹلائٹ ٹان، کچلاغ ، غبرگ، نوحصار، چشمہ، بلیلی، نواں کلی، کوتوال اور اس سے ملحقہ علاقوں میں گیس کی مسلسل عدم فراہمی کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی گئی ہے بیان میں کہا گیا ہے کہ سال کے بارہ مہینے گیس کی قلت اور پریشر کی کمی عوام کے لیے ایک سنگین اور مستقل المیہ بن چکی ہے شدید سردی کے موسم میں گیس پریشر کا نہ ہونا سوئی سدرن گیس کمپنی کی بدترین نااہلی، غفلت اور عوام دشمن پالیسیوں کا کھلا ثبوت ہے پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ کوئٹہ کے عوام بالخصوص غریب اور متوسط طبقہ پہلے ہی مہنگائی، بے روزگاری اور معاشی بدحالی کا شکار ہے مگر اس کے باوجود انہیں گیس جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم رکھا جا رہا ہے شدید سردی میں بچوں، بزرگوں اور خواتین کو شدید مشکلات اور اذیت کا سامنا ہےگھروں میں کھانا پکانا پانی گرم کرنا اور دیگر روزمرہ ضروریات پوری کرنا ناممکن بنتا جا رہا ہے بیان میں اس امر پر شدید تشویش اور غم و غصے کا اظہار کیا گیا ہے کہ سوئی گیس کمپنی کے بعض ملازمین کی جانب سے عوام سے گیس پریشر بڑھانے کے نام پر لاکھوں روپے کی ناجائز رشوت طلب کی جا رہی ہے جو نہ صرف ایک سنگین بدعنوانی ہے بلکہ کھلا ظلم اور استحصال بھی ہے بیان میں مطالبہ کیا گیاہے کہ کوئٹہ شہر اورنواحی علاقوں میں فوری طور پر گیس پریشر بحال کیا جائے۔