اسلام آباد (خبر نگار) پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی نے خیبر پختونخوا میں پائیدار امن کیلئے امن جرگے کے اعلامیہ کو من و تسلیم کرنے اور تمام جمہوری قوتوں سے ایک نئے میثاق جمہوریت پر اتفاق کرنے کا مطالبہ کیا ہے جس میں الیکشن کمیشن کی متفقہ تشکیل نو اور شفاف، آزاد و منصفانہ نئے انتخابات کا انعقاد یقینی بنایا جائے، PTI پارلیمانی پارٹی کا اجلاس، بانی سمیت تمام سیاسی اسیران کے مقدمات ختم، ملاقاتوں کی اجازت دینے کی قرار داد منظور، پارلیمانی پارٹی نے بانی سمیت تمام سیاسی اسیران کے مقدمات ختم، خاندان کے افراد اور سیاسی ملاقاتوں کی اجازت دینے کی قرار داد بھی منظور کی۔ اجلاس میں وزیر اعلی خیبر پختونخوا سہیل آفریدی کے دورہ کراچی اور تحریک تحفظ آئین پاکستان کے قائدین کے دورہ لاہور کو سراہتے ہوئے صوبائی حکومتوں کی جانب سے رکاوٹوں کی مذمت بھی کی گئی۔ پاکستان تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس گزشتہ روز پارلیمنٹ ہاؤس میں منعقد ہوا جس کی صدارت پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے کی۔اعلامیہ کے مطابق اجلاس میں پاکستان تحریکِ انصاف کے بانی عمران خان سمیت تمام سیاسی اسیران کے حق میں واضح موقف اختیار کیا گیا اور مطالبہ کیا گیا کہ ان پر عائد کئے گئے تمام جھوٹے، بے بنیاد اور سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات فوری طور پر ختم کئے جائیں،یہ اقدامات نہ صرف ان افراد کی ذاتی اور سیاسی آزادی کے منافی ہیں بلکہ جمہوری عمل اور شہری حقوق کی سنگین خلاف ورزی بھی ہیں۔ قرارداد میں یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ عمران خان کے خاندان کے افراد کے ساتھ قانونی طور پر ان کے تعلقات اور ملاقاتوں کو بحال کیا جائے، عمران خان کی سیاسی ملاقاتوں اور رابطوں کو ان کا قانونی حق تسلیم کرتے ہوئے بلا رکاوٹ جاری رکھنے کی اجازت دی جائے۔