کراچی (رفیق مانگٹ) امریکہ نے کزن میرج کو عالمی مسئلہ بنا دیا،برطانیہ میں امریکہ کی سخت تنقید، وائٹ ہاؤس نے اسے تہذیبی مسئلہ قرار دے دیا، برطانیہ میں کزن میرج قانونی ہے،لیبر حکومت کا پابندی کے بل کی حمایت سے انکار، ٹرمپ انتظامیہ نے کزن میرج کو موروثی بیماریوں اور خواتین کے حقوق سے جوڑ دیا۔ تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی داخلی سماجی پالیسی اب عالمی سفارتی تنقید کی زد میں آ گئی ہے۔ وائٹ ہاؤس نے وزیرِاعظم سر کیئر اسٹارمر کی جانب سے کزن میرج پر پابندی سے انکار کو محض ایک قانونی معاملہ نہیں بلکہ تہذیبی تشویش قرار دیتے ہوئے کھلے عام تنقید کا نشانہ بنایا ہے، جس سے لندن اور واشنگٹن کے تعلقات میں ایک نیا تناؤ جنم لیتا دکھائی دے رہا ہے۔ٹیلی گراف کے مطابق برطانیہ میں کزن میرج قانونی ہے۔لیبر حکومت کزن میرج پر پابندی کے لئے پیش کیے گئے بل کی حمایت سے انکار کر چکی ہے۔امریکہ نے برطانیہ میں فرسٹ کزن میرج کے قانونی رہنے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔