نیو یارک(جنگ نیوز) امریکا میںسونے کی قیمت پیر کے روز 4,600 ڈالر(12لاکھ87 ہزار پاکستانی روپے)فی اونس سے تجاوز کر کے ایک نئی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی، جبکہ چاندی نے بھی نیا عروج حاصل کیا۔ سرمایہ کاروں نے "محفوظ پناہ گاہ" (Safe-haven) سمجھے جانے والے اثاثوں کا رخ اس وقت کیا جب فیڈرل ریزرو کے چیئرمین جیروم پاول کے خلاف ٹرمپ انتظامیہ کی مجرمانہ تحقیقات کے باعث بے یقینی کی صورتحال مزید گہری ہو گئی۔سونا2.2 فیصد اضافے کے ساتھ 4,609.58 ڈالر فی اونس پر رہا، جبکہ اس سے قبل یہ 4,629.94 ڈالر کی بلند ترین سطح کو چھو چکا تھا۔ جبکہچاندی 86.22 ڈالر کی بلند ترین سطح کو چھونے کے بعد 6.8 فیصد اضافے کے ساتھ 85.39 ڈالر فی اونس پر رہی۔سوسائٹی جنرل میں کموڈٹیز ریسرچ کے عالمی سربراہ مائیکل ہائی نے کہا کہ "بڑھتی ہوئی بے یقینی براہ راست سونے کی مارکیٹ پر اثر انداز ہوتی ہے، اور ایسا لگتا ہے کہ ہر ہفتے بے یقینی کا ایک نیا رخ سامنے آ رہا ہے۔" انہوں نے مزید کہا کہ اس تیزی کے پیچھے موجود عوامل کے جلد ختم ہونے کا امکان نظر نہیں آتا۔ واضح رہے کہ گزشتہ سال سونے کی قیمت میں 64 فیصد اضافہ ہوا جو 1979 کے بعد بہترین کارکردگی تھی، جبکہ چاندی نے 146.8 فیصد اضافے کے ساتھ اپنا ریکارڈ ترین سال مکمل کیا۔