اسلام آباد( رانا غلام قادر ) اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے عمل کا آغاز کردیا ، انہوں نے نے اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے لیے تجاویز آج شام تین بجے تک جمع کروا نے کی ہدایت کردی،کل نامزدگیوں پر دستخطوں کی تصدیق اور گنتی کی جائے گی،پی ٹی آئی کے چیف وہپ ملک عامر ڈوگر نے کہا کہ ہمارے ارکان تصدیق کیلئے تیار ہیں۔قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیر کی شام سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے ایوان کو آگاہ کیا کہ سابق اپوزیشن لیڈر کی نااہلی سے متعلق مقدمہ پشاور ہائی کورٹ میں زیرِ سماعت تھا، اور اس مقدمے میں قومی اسمبلی کو فریق بنایا گیا تھا۔ اس ضمن میں قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کی جانب سے چیف وہپ اپوزیشن و رکن قومی اسمبلی ملک عامر ڈوگر کو چار خطوط ارسال کیے گئے، جن میں مقدمے کی تازہ صورتحال سے متعلق معلومات طلب کی گئی۔سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ متعلقہ دستاویزات کی فراہمی کے بعد اب اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کا عمل شروع کیا جا رہا ہے،سپیکر نے اپوزیشن لیڈر کی تعیناتی کے حوالے سے قومی اسمبلی کے قواعد و ضوابط کے طریقہ کا 2007 کا قاعدہ نمبر 39 کا ذیلی قاعدہ نمبر 2 ایوان میں پڑھ کر سنایا، اپوزیشن کو آگاہ کیا کہ اپوزیشن لیڈر کی نامزدگی کے لیے اپنی تجاویز آج منگل، 13 جنوری، شام تین بجے تک جمع کروائے،کل 14 جنوری کو نامزدگیوں پر دستخطوں کی تصدیق اور گنتی کی جائے گی۔