اسلام آباد(جنگ رپورٹر)جوڈیشل کمیشن آف پاکستان نے کثرت رائے سے اسلام آباد ہائی کورٹ کے تین ایڈیشنل ججوں جسٹس محمد اعظم خان ،جسٹس محمد آصف ،جسٹس راجہ انعام امین منہاس اور بلوچستان ہائی کورٹ کے جسٹس نجم الدین مینگل کو مستقل کرنے کی سفارش کی ہے جبکہ بلوچستان ہائی کورٹ ہی کے ایک اور ایڈیشنل جج، جسٹس ایوب خان کی مستقلی کی سفارش نہیں کی گئی ،اعلامیہ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان،یحیٰ آفریدی کی سربراہی میں منعقدہ اجلاس میں مذکورہ ججوں کی مستقلی پرغور کے علاوہ ہائیکورٹس کے آئینی بنچوں کیلئے ججوں کی نامزدگی کے معیار اور جوڈیشل کمیشن کے رولز 2024میں ترامیم پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا،جبکہ کمیشن کے فاضل ارکان نے ایک کمیٹی کو ان رولز اور انٹرویو کے طریقہ کار کا تفصیلی جائزہ لینے کی ہدایت کی ہے تاکہ عدالتی تقرریوں میں مزید شفافیت لائی جا سکے۔