کراچی (نیوز ڈیسک) صدرٹرمپ مڈٹرم انتخابات کے قواعدو طریقہ کار بدلنے کی کوشش میں ہیں، ریاستوں پر دباؤ ڈال کر کانگریسی حلقے دوبارہ تخلیق، ووٹنگ مشینیں اورمیل ووٹنگ ختم کرناچاہتے ہیں۔ امریکی صدر نےووٹرز کی نجی معلومات حاصل کرنے اور مخالفین کیخلاف قانونی کارروائیوں کا آغاز بھی کردیاہے ۔ واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ 2026 کے مڈٹرم انتخابات سے قبل قوانین اور انتخابی نظام میں تبدیلی کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان اقدامات میں ریپبلکن ریاستی قانون سازوں پر دباؤ ڈالنا، میل ووٹنگ اور ووٹنگ مشینوں کو ختم کرنا، ووٹرز کی حساس معلومات حاصل کرنا، سیاسی مخالفین کے خلاف قانونی کارروائیاں، اور اپنی انتظامیہ میں انتخابات کے جھوٹے دعووں کے حامی افراد کو فائز کرنا شامل ہے۔