پشاور(جنگ نیوز) دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مختلف اوقات میں فرائض کی ادائیگی کے دوران غیر معمولی شجاعت اور دلیری کا مظاہرہ کرنے والے پولیس شہداء اور زخمی ہونے والے افسران اور جوانوں کو ان کی گراں قدر خدمات کے اعتراف میں پاکستان کے اعلیٰ اعزازات قائداعظم پولیس میڈلز اور صدارتی پولیس میڈلز عطاکئے گئے ۔تقریب کے شرکاء سے خطاب میں آئی جی پی خیبر پختونخوا نے دہشت گردی کے خلاف خیبر پختوخوا پولیس کی بے مثال قربانیوں کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا پوری دنیا اور بالخصوص پاکستان کا واحد صوبہ ہے جس کے شیر دل پولیس جوانوں کا جوانمردی اور دلیری میں کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔ اور اس کے غیرت مند جوانوں نے خون کی آخری قطرے تک دہشت گردوں کا مقابلہ کرکے جرات اور بہادری کی لازوال داستانیںرقم کی ہیں۔آئی جی پی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں پولیس کے فرائض انتہائی کٹھن اور خطروں سے بھر پور ہیں تاہم یہ بات خوش آئند ہے کہ خیبر پختونخوا پولیس ایسے حالات سے نمٹنے کیلئے تیار ہیںاور بے پناہ جرات و بہادری سے دہشتگردوں کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہے۔