کوئٹہ (اسٹاف رپورٹر)وزارت توانائی پاور ڈویژن اور بورڈآف ڈائریکٹرزکی ہدایات پر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کیسکو صوبہ کے تمام علاقوں میں صارفین کو بجلی فراہمی کیلئے متعدد اقدامات کررہی ہے۔ اس سلسلے میں کیسکونے صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہرکے 139فیڈروں میں سے 75فیڈرز کو لوڈ شیڈنگ فری قراردے دیاہے جن پر بجلی کی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے۔ جن میں 132KV کوئٹہ سٹی گرڈاسٹیشن اور132Kvمری آباد گرڈ اسٹیشن سے منسلک تمام فیڈرزبجلی کی لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں ۔اسکے علاوہ کوئٹہ شہرکے مختلف علاقوں میں 64 فیڈروں پرشیڈول کے مطابق روزانہ مختلف اوقات کارمیں 4سے 6گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے۔اسی طرح مکران کے علاقوں میں 70فیڈروں میں سے 34فیڈرزلوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ ہیں جن میں گوادر کے 4گرڈاسٹیشنوں سے منسلک فیڈروں پر بھی کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی ہے جبکہ مکران کے دیگر 36فیڈروں کو مختلف اوقات کارمیں روزانہ 16سے18گھنٹے تک بجلی فراہم کی جارہی ہے۔ صوبہ کے دیگر علاقوں میں 44فیڈرز کوبھی لوڈشیڈنگ فری قراردے دیاگیاہے جن میں خضدار، قلات، لورالائی، ژوب اور دیگر بڑے شہروں کے فیڈرزشامل ہیں۔