لاہور(پرویز بشیر سے) فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان جس اعلی مقصد کے لئے بنا تھا اس مقصد اور منزل کو پانے کے لیے ہمیں اللہ نے بہترین موقع دیا ہے ہم اس منزل کی طرف تیزی سے گامزن ہیں وہ جاتی امرا میں جنید صفدر کی دعوت ولیمہ میں جنگ سے خصوصی گفتگو کر رہے تھے۔ فیلڈمارشل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان کی اہمیت اور معیشت میں اضافہ ہوا ہے آپ دیکھیں گے کہ آئندہ اس کی اہمیت کو اور تسلیم کیا جائے گا انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ اگر میری بین الاقوامی طور پر پہچان بنی ہے یا تعریف ہوئی ہے تو یہ اللہ کا شکر اور مہربانی ہےدراصل یہ پاکستان کی تعریف ہوتی ہے فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان پہلے سے زیادہ مستحکم مضبوط ملک ہے پاکستان اسلام کے نام پر بنا تھا اس کو اسلامی ممالک میں آج ایک خاص اہمیت اور مقام حاصل ہوا ہے یہ سب اللہ کی خاص مہربانی ہے انہوں نے کہا کہ ہم دہشت گردوں سے اچھی طرح نمٹنا جانتے ہیں اور نمٹ بھی رہے ہیں۔سابق وزیراعظم نواز شریف کے نواسے اور وزیراعلی پنجاب مریم نواز کے صاحبزادے جنید صفدر کی دعوت ولیمہ کی تقریب جاتی امرا کے شریف فارم میں منعقد ہوئی ولیمہ کی اس تقریب میں وزیراعظم شہباز شریف ،سابق وزیر اعظم نواز شریف ، فیلڈ مارشل سید محمد عاصم منیر وفاقی اور صوبائی وزرا اسپیکر قومی و صوبائی اسمبلی وفاقی اور صوبائی انتظامیہ کے اعلی افسران تاجر و صنعت کاروں کے علاوہ فیملی کے دوست احباب کی بڑی تعداد نے شرکت کی شرکاء میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،پنجاب اسمبلی کے اسپیکر ملک محمد احمد خان ،وزیر دفاع خواجہ آصف ،نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار،وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، رانا ثنا اللہ،ثنا اللہ بٹ، خواجہ سعد رفیق ،حمزہ شہباز ،دولہے کے والد کیپٹن محمد صفدر،دلہن کے دادا روحیل اصغر ،سینیٹر پرویز رشید ، سینیٹرعابد شیر علی ، چوہدری کبیر ،زبیر گل، سلمان شہباز، حسن نواز، حسین نواز،مفتی محمد راغب نعیمی تہمینہ دولتانہ،عرفان دولتانہ، مریم اورنگزیب، عظمی بخاری ،سہیل ضیا بٹ چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان، آئی جی پنجاب عثمان انور، سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ ،ڈاکٹر توقیر احمد چیمہ ،وغیرہ شامل تھے جاتی عمرہ کو دلہن کی طرح سجایا گیا تھا نواز شریف اور مریم نواز نے مہمانوں کا آگے بڑھ کر استقبال کیا ، تقریب میں غیر ملکی مہمان بھی شامل تھے جو اس منظر کو دلچسپی سے دیکھ رہے تھے فیلڈ مارشل حافظ سید عاصم منیر خاص طور پر توجہ کا مرکز رہے وہ تقریباً دو گھنٹے سے زائد تقریب میں موجود رہے اور انہوں نے کھل کر تقریب کے شرکاء سے بلا تکلفانہ گفتگو کی اور تصاویر بھی بنوائی، بعد ازاں بیوروکریسی کےارکان نے تبصرے کئے کہ ہمیں آرمی چیف عاصم منیر سے بلا جھجک بات چیت کا موقع ملا ، تقریب دو گھنٹے سے زائد جاری رہی مہمانوں کی تواضع مٹن پلاؤ ،دیسی مرغی اور مچھلی سے کی گئی سٹارٹر میں سوپ اور پران تھے مشروبات میں جوس کافی کی مختلف قسمیں شامل تھیں ۔ دلہا جنید صفدر اپنی دلہن شانزے علی روحیل کے ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے تقریب میں پہنچے، دلہا جنید صفدر نے سفید شلوار اور گرے رنگ کی شیروانی پہن رکھی تھی، دلہن شانزے علی گلابی عروسی لباس میں ملبوس تھیں۔ پنڈال کو بھی دلہن کے عروسی لباس کی نسبت سے گلابی پھولوں کے ساتھ سجایا گیا تھا، تقریب کے دوران سازندے فضا میں خوبصورت دھنوں کے سُر بکھیرتے رہے۔نواز شریف، مریم نواز اور دلہا جنید صفدر مہمانوں کو خوش آمدید کہتے رہے، ولیمہ تقریب کے لیے جو کارڈ جاری کیا گیا وہ نواز شریف اور مرحومہ کلثوم نواز کی طرف سے تھا، ولیمہ کی تقریب میں بڑی تعداد میں مہمانوں کو مدعو کیا گیا تھا۔