کراچی (ٹی وی رپورٹ)امریکہ میں سابق پاکستانی سفیر حسین حقانی نے کہا ہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ امریکا کو دوبارہ امیر ملک بنانا چاہتے ہیں،وہ ایران میں بھی تبدیلی کے خواہشمند ہیں۔ وہ جیو نیوز کے پروگرام’’جرگہ‘‘ میں میزبان سلیم صافی سے گفتگو کررہے تھے۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے حسین حقانی کا کہنا تھا کہ ڈونلڈ ٹرمپ ایک غیر روایتی صدر ہیں وہ کبھی سیاست میں نہیں رہے اور ان کا مقصود یہ ہے کہ کسی طرح امریکا دوبارہ امیر ملک بن جائے جس پر قرضے نہ ہوں جہاں سفید فارم کی اقتدار اور تمام وسائل پر بالادستی واضح ہو۔ لاطینی امریکا دھونس دھاندلی کے ذریعے اپنے کاروبار کا تحفظ کرتا تھا اور دوسری جنگ عظیم کے بعد امریکا مکمل طور پر بدل گیااور امریکا سمجھ گیا کہ ہمارا یہ فرض ہے کہ دنیا میں جمہوریت کو پھیلائیں اور انسانی حقوق کے ان تصور کو عام کریں جن کو ہم نے اپنایا ہے لیکن ٹرمپ ان میں سے کسی چیز پر یقین نہیں رکھتے اور ٹرمپ چاہتے ہیں کہ دنیا کے وسائل پر کسی نا کسی طریقے کیساتھ امریکا کی بالادستی اور قبضہ ہو اور اب وہ سیاست میں آگئے ہیں ان کو مقبولیت کا بھی شوق ہے اور صدر ٹرمپ بعض معاملات میں وہ فیصلہ کرتے ہیں جو ان کے نزدیک مقبول فیصلہ ہوگااور حال ہی میں انہوں نے وینزویلا میں صدر تبدیل کیا لیکن اس کے بعد نظام یا حکومت تبدیل کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی اور نہ وہاں پر جمہوریت کی بحالی کی کوشش کی ہے اور دوسری طرف ٹرمپ کا مقصد یہ ہے کہ وینزویلا کی جو نئی قیادت ہے اسے دھمکی دیکر آمادہ کریں کہ امریکی مفادات کا تحفظ کیا جائے اور جو امریکی آئل کمپنیاں ہیں ان کو زیادہ کاروبار کے مواقع ملیں۔