کراچی(اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ واقعے کی مکمل انکوائری جاری ہے تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ آگ کیسے لگی اور اس کی وجوہات کیا تھیں۔ نقصان کا مکمل تخمینہ لگانے کے بعد حکومت آئندہ کے لائحہ عمل پر فیصلہ کرے گی۔ اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ یہ ایک نہایت المناک سانحہ ہے جس میں قیمتی انسانی جانوں کا نقصان ہوا۔ حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی رات سے ہی حکومتی مشینری موقع پر پہنچ گئی اور دستیاب تمام وسائل کے ذریعے آگ پر قابو پانے کی بھرپور کوششیں کی گئیں سینئر وزیر کے مطابق ریسکیو اور فائر فائٹنگ آپریشن میں 40 اسنارکلز سمیت دیگر جدید مشینری نے حصہ لیا، جس کے نتیجے میں آگ پر بڑی حد تک قابو پا لیا گیا ہے جبکہ کولنگ کا عمل تاحال جاری ہے انہوں نے کہا کہ واقعے کے فوری بعد فائر بریگیڈ، اسنارکلز اور ریسکیو ادارے موقع پر پہنچ گئے اور بروقت کارروائی عمل میں لائی گئی شرجیل انعام میمن نے کہا کہ ریسکیو اور فائر فائٹنگ کے عمل میں جدید آلات استعمال کیے جا رہے ہیں جن میں ہائی ریچ اسنارکلز، فوم اور کولنگ سسٹمز شامل ہیں۔