کراچی(اسٹاف رپورٹر) گل پلازہ میں لگنے والی آگ کے نتیجے میں تاجروں کا اربوں روپے کا سامان جل کر خاکسترہوگیا جس سے دکانداروں کی حالت غیر ہوگئی ہے،اتوار کو دکانداروں کی بڑی تعداد مارکیٹ سے کچھ فاصلے پر موجود تھی جن کا کہنا تھا کہ آگ پر قابو نہ پانے اور عمارت کے مخدوش ہوجانے کے باعث انہیں اپنی دوکان تک جانے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے، ایک دکاندار امام الحق نے جنگ کو بتایا کہ اس کی بیگ کی دوکان تھی جو مکمل طور پر جل گئی ہے،ایک دکاندار راشد نے بتایا کہ وہ اپنی دوکان پر تھے کہ دھماکے کی آوازآئی ہے جس کے بعد پوری مارکیٹ میں شور مچ گیا، میں باہر آیا تو اطراف کی دوکانوں کو شعلے نے لپیٹ میں لے لیا تھا،اپنے لاکھوں روپے کےسامان کو اپنی آنکھوں سے جلتے دیکھا، دکاندار رمضان نے جنگ کو بتایا کہ یہاں کی دوکانوں کی قیمت ہی تین سے چھ کروڑوں روپے کی ہے جس میں ہر دکان میں 50لاکھ سے کم کا سامان نہیں تھا،دکانداروں کی اکثریت کا کہنا ہے کہ تاجروں کا تقریباً 3سے چارارب روپے کا نقصان ہوا، حکومت متاثرہ تاجروں کےلیے خصوصی پیکج کا اعلان کرے۔