• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آتشزدگی کے متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے، شرجیل میمن

کراچی (ٹی وی رپورٹ) وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ آتشزدگی کے متاثرین کو اکیلا نہیں چھوڑیں گے۔ چیف فائر افسر ہمایوں خان نے کہا کہ عوام کے بہت زیادہ رش کی وجہ سے آپریشن کرنے میں دشواری پیش آئی۔ جیو نیوز کے پروگرام ’’نیا پاکستان‘‘ میں میزبان شہزاد اقبال سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میںاونر لاہور قلندرز ثمین رانا اور اونر پشاور زلمی جاوید آفریدی نے بھی گفتگو کی۔ تفصیلات کے مطابق پروگرام کی ابتدا میں میزبان شہزاد اقبال نے کہا کہ کراچی میں ایک اور افسوسناک واقعہ سامنے آیا جس میں قیمتی جانوں کے علاوہ اربوں روپے کا نقصان بھی ہوا ہے اور اس واقعہ کے بعد سندھ حکومت کی نااہلی کھل کر سامنے آرہی ہے ۔حکام اس سانحہ میں ایک فائر فائٹرسمیت 6افراد جاں بحق اور 20سے زائد زخمی ہونے کی تصدیق کررہے ہیں تاہم ابھی تک اداروں کو اس بات کا علم نہیں ہے کہ گل پلازہ کے اندرکتنے لوگ پھنسے ہوئے ہیں اور ان میں سے کتنے زندہ ہیں اور کتنے جاں بحق ہوچکے ہیں۔تاجر رہنما اور شہری اس واقعہ کا ذمہ دار کے ایم سی اور سندھ حکومت کو قرار دے رہے ہیں جبکہ وزیراعلیٰ سندھ کہتے ہیں آئندہ ایسے واقعات سے بچاؤ کیلئے حفاظتی اقدامات مزید بہتر بنائیں گے، مگر المیہ یہ ہے کہ اسی قسم کے بیانات پچھلے کئی سالوں سے سنتے آرہے ہیں۔شہزاد اقبال سے مزید کہا کہ پی ایس ایل میں دو نئی ٹیموں کی شمولیت کے بعد اس سال پی ایس ایل میں آٹھ ٹیمیں ہونگی ۔ اس بار پلیئرز کیلئے ڈرافٹ ہوگا یا آپشن ؟۔ وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ جیسے ہی واقعہ ہوا ریسکیو کا تمام عملہ اور پولیس افسران جائے وقوعہ پر واقعہ کا جائزہ لے رہے تھے اور اس وقت بھی آگ بجھانے کا عمل جاری ہے اور جو لوگ زخمی ہوئے ان کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے ۔
اہم خبریں سے مزید