کراچی(اسٹاف رپورٹر)امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ سانحہ گل پلازہ کی ذمہ داری براہِ راست قابض میئر، صوبائی حکومت اور وفاقی حکومت پر عائد ہوتی ہے، یہ کیسی المناک صورتحال ہے کہ شہر کے لوگ کبھی آگ میں جلتے ہیں، کبھی گٹروں میں بچے گرتے ہیں اور کبھی ٹرالروں کے نیچے آ کر جان دے دیتے ہیں، مگر اس شہر اور صوبے کا کوئی والی وارث نہیں، انسپکٹر سے لے کر بالا ئی سطح تک پیسہ چلتا ہے اور پورا سسٹم زرداری ہاؤس سے جڑا ہوا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کی شب گل پلازہ میں آتشزدگی کے مقام پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہر سطح پر اقتدار میں موجود ہے، پھر ذمہ دار کون ہے؟ 22 گھنٹے بعد آ کر ہاتھ ہلا کر چلے جانا اور پھر جھوٹ بول کر پریزینٹیشنز کے ذریعے عوام کو دھوکہ دینا اب نہیں چلے گا۔ یہ حکومت صرف انہی لوگوں کو دھوکہ دے سکتی ہے جنہوں نے اسے مسلط کیا ہے۔ ہم اب خاموش تماشائی بن کر اپنے بچوں کو مزید مرتا ہوا نہیں دیکھ سکتے۔ یہ معاوضے کا معاملہ نہیں، اصل سوال جان کا تحفظ اور حادثات سے روک تھام کا ہے۔ جماعت اسلامی جلد کراچی کے عوام کو مافیاز کے خلاف اٹھ کھڑے ہونے کی کال دیگی اور اس شہر میں اب یہ نظام نہیں چلنے دیا جائے گا۔ اس موقع پر امیر کراچی منعم ظفر خان، نائب امیر کراچی مسلم پرویز، رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق، مرکزی سکریٹری اطلاعات شکیل ترابی، امیر ضلع جنوبی سفیان دلاور ودیگر بھی موجود تھے۔