مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) اگلے چار سے پانچ سال میں وائٹ کالر اور بلو کالر ملازمتوں کو تیزی سے متاثر کرے گی اور حکومتیں اس کے لیے تیار نہیں ہیں۔
ڈیوووس میں ’ورلڈ اکنامک فورم‘ کے موقع پر میڈیا کو انٹرویو کے دوران بل گیٹس نے کہا کہ اے آئی کی وجہ سے روزگار، بھرتیوں اور معاشی برابری پر گہرے اثرات پڑیں گے۔ اب تک اے آئی کے اثرات محدود رہے ہیں لیکن یہ صورتحال زیادہ دیر تک چلتی نظر نہیں آ رہی۔
بل گیٹس کا کہنا تھا کہ حکومتوں کو فوری طور پر فیصلہ کرنا ہوگا کہ آیا لوگوں کو نئی مہارتیں سکھائی جائیں، ٹیکس نظام میں تبدیلی لائی جائے یا عدم مساوات سے نمٹنے کے لیے نئے اقدامات کیے جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ اے آئی سافٹ ویئر ڈیولپمنٹ میں پیداوار بڑھا رہی ہے جبکہ لاجسٹکس اور کال سینٹرز میں کم مہارت والی نوکریاں ختم ہو رہی ہیں جس سے عدم مساوات بڑھنے کا خطرہ ہے۔
بل گیٹس نے زور دیتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اے آئی کے کردار، وائٹ اور بلو جابز کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے عالمی سطح پر مربوط پالیسی اور تعاون ضروری ہے۔