پشاور، چترال، کراچی( نمائند گان جنگ، نیوز ڈیسک )ملک بھر کے بالائی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ جاری رہا ، سڑکیں بند ہوگئیں، امدادی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ، ریسکیو ادارے متحرک، آج سے پھر بالائی علاقوں اور بلوچستان میں برفباری اور بالائی سندھ میں بارش کا امکان ، محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا، کشمیر ،گلگت کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کا خطرہ ، شہری غیر ضروری سفر نہ کریں ۔تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخوا کے بعض علاقوں میں 6فٹ تک برف پڑی، ملا کنڈ کے کچھ گرم علاقوں میں 15 برس بعد برفباری ہوئی ، متعدد علاقوں میں بجلی کا نظام درھم برھم ہوگیا ، چترال میں برفانی تودے سے جاں بحق ہونے والے ایک ہی خاندان کے 9افراد کی نماز جنازہ ادا کردی گئی ، مری میں 31گھنٹےبعد برفباری تھم گئی۔محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ اتوار سے ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے جو 26 جنوری کو ملک کے بالائی حصوں کو اپنی لپیٹ میں لے گا۔اتوار کی شب نیا سسٹم بلوچستان میں داخل ہوگا جہاں بارش جبکہ پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے۔ بلوچستان کے بیشتر اضلاع بشمول کوئٹہ، زیارت، چمن، پشین، قلعہ عبداللّٰہ، قلعہ سیف اللّٰہ، نوشکی، ہرنائی، ژوب، قلات، بارکھان، سبی، تربت، گوادر، جیوانی، کیچ، آواران، پنجگور، خضدار، واشک اور خاران میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔اسی دوران بالائی سندھ (سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، دادو) میں بھی بارش متوقع ہے۔