کراچی(اسٹاف رپورٹر)فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کی سرپرست کمیٹی کے اراکین نےہفتے کو کراچی پریس کلب میں ایک ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے غزہ امن بورڈ میں پاکستان کی شمولیت کو مسترد کرنے کا اعلان کیا اور کہاکہ غزہ امن بورڈ میں نیتن یاہو جیسے قاتل کی موجودگی سے غزہ میں امن قائم نہیں کیا جاسکتا۔ٹرمپ اور نیتن یاہو کی موجودگی میں قائم غزہ امن بورڈ حقیقت میں بین الاقوامی فراڈ ہےاور امریکہ قابل اعتماد نہیں ہے۔ فلسطینی مزاحمت کو غیر مسلح کرنا اور غزہ کو تفریحی مقام بنانے کا ایجندا قابل قبول نہیں۔مشترکہ پریس کانفرنس سے جماعت اسلامی کے رہنما مسلم پرویز، متحدہ قومی موومنٹ کے میجر قمر عباس ، جمعیت علماء پاکستان کے علامہ قاضی احمد نورانی،علامہ عقیل انجم، مجلس وحدت مسلمین کے علامہ باقر زیدی،پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ارشد نقوی،پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اسرار عباسی،شیعہ علماء کونسل کے علامہ ناظر تقوی،کشمیری رہنما بشیر سدوزئی، مسیحی رہنما پاسٹر امانئیول اور فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر صابر ابو مریم نے خطاب کیا۔