کراچی(اسٹاف رپورٹر) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ بلدیاتی اختیارات نہ دئیے تو نئے صوبے کی تحریک شروع ہوگی۔ سنیئر رہنما حیدر عباس رضوی نے کہا کہ گل پلازہ سے دو ٹرک ملبہ غائب ہو چکا جس میں انسانی ہڈیاں اور باقیات ہو سکتی تھیں۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سینئر مرکزی رہنما و حق پرست رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے ستو نہیں پیا، اگر آئینی ترمیم کے ذریعے بلدیاتی اختیارات نہ دئیے گئے تو نئے صوبے کی تحریک شروع ہوگی جس کو کوئی نہیں روک سکے گا، سوالات کے جوابات دینے کی بجائے وزیراعلیٰ سندھ لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں،وہ وقت آرہا ہے جب وزیراعلیٰ سندھ کا احتساب کیا جائےگا، وزیر اعلیٰ 22 گھنٹے اور میئر کراچی 23 گھنٹے بعد جائے وقوعہ پر کیوں پہنچے؟ کیا اسلام آباد میں بیٹھ کر وہ ڈپٹی میئر کو بھی وہاں نہیں بھیج سکتے تھے۔