لاہور (رپورٹ عمران احسان ) الحمرا آرٹس کونسل میں جاری افکارِ تازہ تھنک فیسٹ کے 9ویں ایڈیشن کے دوسرے روز عالمی عدم مساوات، جمہوری احتساب، حکمرانی میں اصلاحات اور ڈیجیٹل دور کے چیلنجز پر تفصیلی اور بے لاگ گفتگو ہوئی، پالیسی سازوں، ماہرینِ تعلیم، صحافیوں اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔وفاقی وزیر خواجہ محمد آصف نے اختیارات کی حقیقی نچلی سطح تک منتقلی میں ناکامی پر سخت تنقید کی، انہوں نے کہا پاکستان کی بقا لوکل گورنمنٹ ریفارمز میں ہے، انھوں نے زور دیا کہ ملک کی جمہوری مضبوطی کا انحصار بااختیار مقامی حکومتوں پر ہے، 18ویں آئینی ترمیم کے بعد حقیقی مقامی خودمختاری کا نہ ہونا جمہوری وعدے سے سب سے بڑی غداری ہے، ان کے مطابق صوبائی خودمختاری تو آئین میں دی گئی مگر اختیارات نچلی سطح تک منتقل نہیں ہو سکے، انہوں نے واضح کیا کہ مقامی حکومتوں کو بااختیار بنانا کسی ادارے کے لیے خطرہ نہیں بلکہ سیاسی خوف اور مزاحمت اس راستے میں رکاوٹ بنی رہی ہے۔