کراچی(اسٹاف رپورٹر)وفاقی وزیر تعلیم و ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ18ویں ترمیم رول بیک کرنے کا نہیں، عمل کا مطالبہ کیا ہے، ہم نے کہا ہے کراچی کو وفاق لیکر فاٹا بنادے، جس سے عوام کو فائدہ نہ ہو ایسی جمہوریت کا کوئی فائدہ نہیں ۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر تعلیم و ایم کیو ایم پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم نے کبھی18ویں ترمیم کو رول بیک کرنے کا نہیں بلکہ اس پر عمل کا مطالبہ کیا ہے،لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کو میں نے خط لکھا کہ خاموش تماشائی نہ بنیں، پالیسی ساز اداروں کو کوئی نہ کوئی فیصلہ کرنا ہوگا، ہم نے کہا ہے کہ کراچی کو وفاق لیکر فاٹا بنادے، ایسی جمہوریت جس کا عوام کو فائدہ نہ ہو اس کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔