کراچی (رفیق مانگٹ) شیکسپیئر مرد نہیں تھے؟ نئی تحقیق نے ادبی دنیا کی بنیادیں ہلا دیں، ایک سیاہ فام یہودی خاتون ایمیلیا باسانو نے شیکسپیئر کے نام سے مشہور تمام ڈرامے تحریر کئے، شیکسپیئر کی اصل شناخت مغرب مرکز تاریخ نویسی نے چھپائے رکھی،کتاب دی ریئل شیکسپیئر، اسٹریٹفرڈ اپون ایون کے ایک کم تعلیم یافتہ شخص نے باسانو کا ادبی کام اپنے نام کر لیا،نئی کتاب کا دعویٰ، الزبتھ دور میں باسانو کی رنگت جان بوجھ کر ہلکی دکھائی گئی،ماہرین کی اکثریت اب بھی شیکسپیئر کو اسٹریٹفرڈ میں پیدا ہونے والا ادیب مانتی ہے۔ تفصیلات کے مطابق برطانوی اخبار ٹیلی گراف کے مطابق ایک نئی کتاب دی ریئل شیکسپیئر میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ولیم شیکسپیئر دراصل ایک سیاہ فام یہودی خاتون تھیں اور ان کی اصل شناخت صدیوں تک مغرب اور یورپ مرکز تاریخ نویسی کے باعث چھپائی گئی۔ فیمینسٹ مؤرخ آئرین کوسلٹ کے مطابق اصل شیکسپیئر ایک کثیرالثقافتی خاتون تھیں جن کا نام ایمیلیا باسانو تھا، جو ٹیوڈر دور کے شاہی دربار سے وابستہ شاعرہ تھیں اور جنہوں نے شیکسپیئر کے قلمی نام سے مشہور ڈرامے اور شاعری تخلیق کی۔کتاب کے مطابق ایمیلیا باسانو کے ادبی کام کو بعد میں اسٹریٹفرڈ اپون ایون کے ایک کم تعلیم یافتہ شخص نے اپنے نام سے منسوب کر لیا، جسے آج ہم ولیم شیکسپیئر کے نام سے جانتے ہیں۔