• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ گل پلازہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں نامعلوم افراد کیخلاف درج

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سانحہ گل پلازہ میں جاں بحق ہونے والے مزید دو افراد کی شناخت کر لی گئی ہے، واقعہ کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں نامعلوم افراد کیخلاف درج کر لیا گیا ہے، ایف آرئی آر میں کسی کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا،غفلت اور لاپرواہی کی دفعات شامل ہیں، مجموعی طور پر سانحے میں جاں بحق ہونے والے 22 افراد کی شناخت اب تک کر لی گئی ہے جن میں سے 15 افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے جبکہ 7 کی فزیکل آئیڈنٹفیکیشن کے ذریعے ہوئی۔ لاپتا افراد کی تعداد 82ہوگئی۔ جن دو افراد کی شناخت ہوئی ہے ان میں محمد اطہر ولد شوکت علی اور محمد شیث ولد محمد ہارون شامل ہیں۔ ہفتہ کو مزید کوئی لاش نہیں ملی ہے۔ سانحے میں جاں بحق افراد کی شناخت 71 ہے۔ واقعہ کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ مقدمہ نمبر 8/2026 سرکار کی مدعیت میں زیر دفعہ 427/436/337-H(i)/322 تھانہ نبی بخش میں درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ غفلت اور لاپرواہی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔ مقدمہ کے مطابق آگ لگنے کے واقعہ میں شدید غفلت اور لاپرواہی کا مظاہرہ کیا گیا۔ مقدمہ کے مطابق گل پلازہ میں حفاظتی اقدامات نہیں کیے گئے تھے۔ لائٹ بجھا دی گئی جسکی وجہ سے لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ کئی گیٹ بھی بند تھے جسکی وجہ سے صورتحال خراب ہوئی۔ ایف آئی آر میں تاحال کسی ایک کو ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا ہے۔ حکام کے مطابق تحقیقاتی رپورٹ چونکہ ابھی آئی نہیں اس لیے نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج ہوا ہے۔
اہم خبریں سے مزید