کراچی (این این آئی)شہدادپور پولیس ٹریننگ کالج میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ سندھ ضیاالحسن لنجار نےکہا ہے کہ گل پلازہ واقعے کا مقدمہ درج کرلیا گیا ہے، جس میں غفلت اور لاپروائی کی دفعات شامل کی گئی ہیں اور ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔انہوں نے گل پلازہ سانحہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا، جس پر پوری حکومت سوگوار ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ سانحہ گل پلازہ جیسے واقعات پر سیاست سے گریز کیا جانا چاہئے، مگر بدقسمتی سے اس واقعے کو اٹھارہویں ترمیم اور این ایف سی سے جوڑا جارہا ہے، جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ ایسے واقعات لاہور، پشاور یا کسی بھی شہر میں پیش آسکتے ہیں۔