پشاور( آن لائن ) فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے پوائنٹ آف سیل (پی او ایس) ڈیوائسز کی جبری تنصیب کے خلاف تنظیم تاجران نے ملک گیر احتجاج کی کال دے دی ہے، جس کے تحت کل بروز منگل 27جنوری پشاور ابریشم گراں کے مقام پر بڑا احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا، صدر تنظیم تاجران خیبرپختونخوا ملک مہرالٰہی، صدر پشاور چیمبر آف سمال ٹریڈرز شکیل احمد صراف اور ترجمان شہزاد احمد صدیقی اوردیگررہنمائوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ ملک کے موجودہ معاشی حالات، بجلی کے نرخوں میں بے تحاشہ اضافے اور مہنگائی کے باعث کاروبار پہلے ہی تباہی کے دہانے پر ہیں، ایسے میں پی او ایس ڈیوائسز کی زبردستی تنصیب تاجروں پر اضافی مالی بوجھ ڈالنے کے مترادف ہے، پی او ایس ڈیوائسز کے لیے درکار تیز رفتار انٹرنیٹ اور تکنیکی مہارت چھوٹے دکانداروں کے پاس موجود نہیں، انٹرنیٹ کی بندش یا فنی خرابی کی صورت میں بھاری جرمانوں اور ہراساں کئے جانے کا خوف تاجروں میں بے چینی پھیلا رہا ہے،تاجر رہنماؤں نے ایف بی آر کے ایک اور متنازع اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہفاٹا اور پاٹا کوٹیکس استثنیٰ کے باوجود پے آرڈرغیر قانونی طور پر متعدد پے آرڈرز بھی انکیش کرا لئے ہیں جو کہ اختیارات کا صریحاً غلط استعمال اور سراسر ناانصافی ہے۔