کینیڈا کے صوبے برٹش کولمبیا کے رہائشی نے اپنی ذاتی ناکامیوں کو وینکور میں واقع میوزیم آف پرسنل فیلیئر میں نمائش کے لیے پیش کیا۔
کنگز گیٹ مال میں منعقد ہونے والی اس نمائش کا تصور برنابی کے علاقے کے رہائشی ایوان کولنز کا ہے، جنہیں ایک رومانٹک ریلیشنز کے ختم ہونے کی وجہ سے اسکی تحریک ملی۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کولنز نے کہا کہ مجھے بس اس کے ساتھ کچھ کرنا تھا اور یہی وہ کام ہے جو میں نے کیا۔ کولنز نے پورے علاقے میں پوسٹر لگائے جن میں نمائش کے لیے اشیا کی درخواست کی۔ اس مقصد کے لیے اس نے جو ہیڈ لائن لگائی وہ یہ تھی 'ناکامیاں مطلوب ہیں'۔
انکا مزید کہنا تھا کہ میرے لیے یہ کسی حد تک جذباتی سکون اور تصوراتی جستجو کا امتزاج ہے۔ میرا خیال ہے کہ اس مرحلے پر یہ اس بات کا ایک بشریاتی مطالعہ بن چکا ہے کہ ایک فرد کے نزدیک ناکامی کی تعریف کیا ہے اور وہ میٹریل کی شکل میں کیسی نظر آتی ہے۔
یہ پاپ اپ میوزیم ایک وال آف ریجیکٹ بھی پیش کرتا ہے، جس پر ملازمت کی درخواستوں کے مسترد ہونے کے خطوط اور نوکری سے نکالے جانے کے نوٹس چسپاں کیے گئے ہیں۔
نمائش میں کولنز کی والدہ جینفر کمیبیل نے اپنی شادی کا جوڑا پیش کیا۔ انکا کہنا تھا کہ میں اپنی شادی میں پیش آنے والی ایک ناکامی کی کہانی بیان کرنا چاہتی تھی اور یہ بھی کہ ہم اس سے کیسے آگے بڑھے۔ میں نے اس کا نام بے گناہی یا معصومیت کی ڈوری رکھا ہے، کیونکہ یہ جھوٹی پریوں کی کہانیوں یا ان توقعات کی معصومیت کے بارے میں ہے جو انسان کم عمری میں رکھتا ہے اور پھر وہ پوری نہیں ہوتیں۔
اس موقع پر کافی لوگوں نے اپنی ناکامی کے حوالے سے چیزیں نمائش کے لیے پیش کیں۔ ہر چیز کے ساتھ اسے جمع کرانے والے شخص کی جانب سے لکھی گئی ایک وضاحت شامل ہے۔ کولنز کا مزید کہنا تھا کہ جب آپ اصل اشیا کو دیکھتے ہیں تو آپ کو لگتا ہے کہ یہ تو بس ایک چیز ہے۔ لیکن جب اس کے سیاق و سباق میں دیکھا جائے تو پھر اصل بات سامنے آتی ہے۔ میوزیم آف فیلیور 3 فروری تک جاری رہے گا۔