• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ذاکر خان نے اسٹینڈ اپ کامیڈی سے طویل وقفہ لینے کی وجہ بتا دی

ذاکر خان---فائل فوٹو
ذاکر خان---فائل فوٹو 

معروف بھارتی اسٹینڈ اپ کامیڈین ذاکر خان نے اپنی صحت اور ذاتی معاملات کو ترجیح دیتے ہوئے کامیڈی سے طویل وقفہ لینے کا اعلان کیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ذاکر خان کا کامیڈی سے یہ وقفہ 3 سے 5 سال تک طویل ہو سکتا ہے اور ممکنہ طور پر 2030ء تک جاری رہے گا۔

ذاکر خان نے اس فیصلے کا اعلان حیدرآباد میں اپنے ایک ٹور کے دوران کیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ میں گزشتہ کئی برسوں سے مسلسل ٹور کر رہا ہوں اور اب میرے لیے اپنی صحت کا خیال رکھنا ضروری ہو گیا ہے، آئندہ دنوں میں صرف چند منتخب شہروں میں محدود شوز کروں گا۔

حال ہی میں کامیڈین نے عرب میڈیا ’گلف نیوز‘ کو ایک انٹرویو کے دوران بتایا ہے کہ میں کئی سال سے مسلسل سفر اور پرفارم کر رہا ہوں، میں 80 سال کی عمر تک پرفارم کرنا چاہتا ہوں، اس کے لیے ابھی رکنا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ میں اپنے خاندان میں پہلا فرد ہوں جس نے اسٹینڈ اپ کامیڈی کو بطور پیشہ اپنایا، اس لیے مجھے بغیر کسی سہولت یا رہنمائی کے سخت محنت کرنا پڑی، مختلف شہروں میں تعلقات بنائے اور برسوں تک نیند اور آرام کو قربان کیا۔

ذاکر خان کا کامیڈی سے بریک لینے کی وجہ پر بات کرتے ہوئے کہنا ہے کہ اگر آپ دس سال تک مسلسل ایسکلیٹر پر پاؤں رکھے رہیں تو جسم پر اس کا اثر پڑتا ہے۔

انہوں نے انکشاف کیا کہ مجھ میں کچھ بیماریوں کا جینیاتی رجحان موجود ہے جو ایک خاص عمر میں ظاہر ہوتا ہے اسی لیے اس وقت کام سے وقفہ میرے لیے ناگزیر ہے۔

ذاکر خان نے انٹرویو کے دوران مداحوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ صحت بہتر ہونے کے بعد مزید مضبوطی کے ساتھ اسٹیج پر واپس آؤں گا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید