واشنگٹن(جنگ نیوز) مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس نے اپنی سابقہ اہلیہ میلِنڈا فرنچ گیٹس کے فلاحی اداروں کو مزید 2ارب ڈالر منتقل کر دیے ہیں، جو اس معاہدے کا حصہ ہیں جو میلِنڈا کے 2024 میں گیٹس فاؤنڈیشن سے استعفیٰ دینے کے وقت طے پایاتھا۔نئی جاری ہونے والی نان پرافٹ ٹیکس فائلنگز کے مطابق بل گیٹس نے فاؤنڈیشن کے دونوں ذیلی اداروںکو 982 ملین ڈالر فی کس عطیہ کیے۔ ان تازہ ادائیگیوں کے بعد میلِنڈا کے چار فاؤنڈیشنز کو دی جانے والی مجموعی رقم 10.8ارب ڈالر ہو گئی ہے۔یہ رقم اس 12.5ارب ڈالر کے وعدے سے کچھ کم ہے جو بل گیٹس نے میلِنڈا کی علیحدگی کے وقت کیا تھا، تاہم Pivotal کے ترجمان کے مطابق یہ معاہدہ مکمل ہو چکا ہے، اگرچہ باقی رقم کی تفصیلات واضح نہیں کی گئیں۔بل اور میلِنڈا نے 2000 میں Bill & Melinda Gates Foundation کی بنیاد رکھی تھی، جو دنیا کے سب سے بڑے فلاحی اداروں میں شمار ہوتی ہے۔ یہ فاؤنڈیشن اب تک 83 ارب ڈالر سے زائد کے عطیات تقسیم کر چکی ہے اور عالمی صحت، بالخصوص پولیو کے خاتمے اور تپ دق میں کمی، میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہے۔