• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بوٹ بیسن پولیس نے مقابلے کے بعد رکشہ گینگ کے ایک ملزم کو مار دیا

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) بوٹ بیسن پولیس نے مبینہ مقابلے کے بعد مبینہ طور رکشہ گینگ کے ایک ملزم کو ہلاک دوسرے کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کرلیا ، مبینہ ملزم کی ہلاکت کے بعد اس کے ورثا درجنوں افراد کے ہمراہ کراچی پریس کلب پہنچ گئے اور احتجاج شروع کر دیا ۔ تفصیلات کے مطابق بوٹ بیسن پولیس نے کلفٹن بلاک 2 میں مبینہ مقابلے میں ایک مبینہ ملزم کو ہلاک اور دوسرے ملزم کو گرفتار کر لیا ، مارے جانے والے ملزم کی لاش جناح اسپتال منتقل کی گئی ، ترجمان ایس ایس پی ڈسٹرکٹ ساؤتھ مہزور علی کے مطابق ہلاک ہونے والے مبینہ ملزم کی شناخت حیدر علی کے نام سے ہوئی، ہلاک و گرفتار ملزمان اسٹریٹ کرائم کی واردتوں میں ملوث رہے ہیں ، ہلاک و گرفتار ملزمان شہریوں سے موبائل فون چھین کر فرار ہو رہے تھے کہ پولیس موقع پر پہنچ گئی ، ملزمان نے پولیس پارٹی پر فائرنگ شروع کر دی ، پولیس کی جوابی کارروائی میں ایک ملزم موقع پر ہلاک جبکہ اس کا ساتھی بلا ضرب گرفتار ہوا ، ہلاک اور گرفتار ملزمان سے اسلحہ بمعہ گولیاں برآمد کی گئیں ، گرفتار و ہلاک ملزمان کا تعلق بدنام زمانہ رکشا گینگ سے بتایا جا رہا ہے ، جو شہر کے مختلف علاقوں میں اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہا ہے ، مبینہ ملزم علی حیدر کی ہلاکت کی اطلاع پر اس کے گھر والے درجنوں مرد و خواتین کے ہمراہ کراچی پریس کلب پہنچ گئے اور احتجاج شروع کر دیا ، مظاہرین کا کہنا تھا کہ گلشن معمار کا رہائشی 20 سالہ علی حیدر ولد خادم حسین تفریح کے لیے سی ویو گیا تھا ، پولیس نے رکشا روکنے کے دوران نہ رکنے پر فائرنگ کر کے قتل کر دیا ، مارے جانے والے علی حیدر کی لاش پولیس کے پاس ہے ، علی حیدر کے ساتھی کو بھی گرفتار کر لیا ، مطالبہ کرتے ہیں کہ قاتلوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جائے اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔ مبینہ مقابلے میں ہلاک و گرفتار ملزمان کا ڈسٹرکٹ ساؤتھ پولیس نے کریمنل ریکارڈ حاصل کر لیا ، ترجمان ایس ایس پی ساؤتھ کے مطابق ہلاک ملزم کی شناخت علی حیدر جبکہ بلا ضرب گرفتار ملزم کی شناخت شاہنواز کے نام سے کی گئی ، ہلاک ملزم کلفٹن اور ڈیفینس کے علاقوں میں سرگرم تھا اور اپنے ساتھیوں کے ساتھ رکشے میں سوار ہو کر شہریوں کو لوٹ مار کا نشانہ بناتا تھا ، ہلاک اور گرفتار دونوں ملزمان اسٹریٹ کرائم کے متعدد مقدمات میں ملوث رہے ہیں ملزمان کے سے اسلحہ راؤنڈز ، دو موبائل فونز ، تین پرس اور وارداتوں میں استعمال ہونے والا رکشہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید