دبئی (جنگ نیوز)آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل اسکاٹ لینڈ کرکٹ بورڈ کے لیے بڑی خوشخبری آگئی۔ ٹیم کے اہم فاسٹ بولر سفیان شریف اور نوجوان آل راؤنڈر زین اللہ احسان، جن کے ویزے انتظامی وجوہات کی بنا پر تاخیر کا شکار تھے، انہیں باقاعدہ کلیئرنس جاری کر دی گئی ہے۔ اسکاٹش میڈیا کے مطابق دونوں کھلاڑیوں کو نہ صرف ویزہ مل گئے بلکہ وہ بھارت پہنچ چکے ہیں اور اتوار کو انہوں نے ٹیم کے ساتھ ٹریننگ سیشن میں بھی شرکت کی۔ اس سے قبل خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ پہلے دو میچز مس کر سکتے ہیں۔ اسکاٹ لینڈ کرکٹ کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہمیں خوشی ہے کہ تمام کھلاڑی اب دستیا ب ہیں۔ ٹیم کا مورال بلند ہے اور ہم ٹورنامنٹ میں بھرپور تیاری کے ساتھ اتر رہے ہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ سفیان شریف کی واپسی سے ٹیم کے بولنگ اٹیک کو تقویت ملے گی، کیونکہ وہ ڈیتھ اوورز میں بہترین یارکرز کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ اسکاٹ لینڈ اپنا پہلا وارم اپ میچ کینیڈا کے خلاف کھیلے گا، جس کے بعد وہ براہ راست ٹورنامنٹ کے گروپ مرحلے میں شرکت کرے گی۔