• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسلام آباد دھماکا خوفناک و بزدلانہ جرم ہے: ملالہ یوسفزئی

— فائل فوٹوز
— فائل فوٹوز

نوبیل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے اسلام آباد مسجد میں ہونے والے دہشت گرد حملے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور اسے خوفناک و بزدلانہ جرم قرار دیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے ملالہ یوسفزئی نے حملے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام میں لکھا ہے کہ اسلام آباد میں جمعے کی نماز کے دوران ایک مسجد پر ہونے والے حملے نے مجھے بُری طرح جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے، میں خوفزدہ ہوں، یہ حملہ ہماری مشترکہ انسانیت، ایمان اور اقدار پر حملہ ہے۔

انہوں نے مزید لکھا ہے کہ بے گناہ نمازیوں اور عام شہریوں کو نشانہ بنانا ایک گھناؤنا اور بزدلانہ فعل ہے۔

ملالہ یوسف زئی نے اس حملے میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کرتے ہوئے یہ بھی لکھا ہے کہ میری دلی ہمدردیاں تمام متاثرین، زخمیوں اور ان کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کے علاقے ترلائی میں امام بارگاہ و مسجد خدیجۃ الکبریٰ میں خودکش دھماکے سے 32 افراد شہید اور 150 سے زائد زخمی ہو گئے۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق جائے وقوع سے خودکش بمبارکا شناختی کارڈ بھی ملا ہے، شناختی کارڈ کی بنیاد پر حملہ آور کی شناخت یاسر کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق پشاور میں حملہ آور کے گھر پر چھاپہ مارا گیا، چھاپے کے دوران اس کے 2 بھائیوں اور 1 خاتون کو گرفتار کیا گیا ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید