کراچی (نیوز ڈیسک)صدرٹرمپ کے بار بار مہنگائی پر قابوپانے کے دعوے، عام امریکی اب بھی دباؤ میں ہیں، پانچ اقتصادی تقریروں میں ٹرمپ نے تقریباً 20 بار مہنگائی کو شکست دینے کا اعلان کیا۔ قیمتیں کم ہونے کے دعوے حقیقی اعداد و شمار اور امریکی عوام کے تجربات سے متصادم ہیں۔ ریپبلکن حکمت عملی بنانے والوں کو خدشہ ہے صدر کا پیغام ووٹروں تک مؤثر طور پر نہیں پہنچ رہا۔ برطانوی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حالیہ پانچ اقتصادی تقریروں میں تقریباً 20 بار دعویٰ کیا کہ انہوں نے مہنگائی پر قابو پا لیا ہے اور قیمتیں کم ہو رہی ہیں، حالانکہ حقیقی اعداد و شمار اور امریکی عوام کے تجربات اس کے برعکس ہیں۔ ان تقریروں میں وہ اکثر دیگر موضوعات جیسے غیر قانونی ہجرت، بین الاقوامی مسائل اور سیاسی مخالفین پر بھی توجہ مرکوز کرتے ہیں، جس سے ریپبلکن حکمت عملی بنانے والوں کو خدشہ ہے کہ ان کا پیغام ووٹروں تک مؤثر طور پر نہیں پہنچ رہا۔ اگرچہ ٹرمپ نے کچھ روزمرہ اشیا، جیسے انڈے اور ایندھن کی قیمتوں میں کمی کو درست طور پر اجاگر کیا، وہ مہنگائی کے اصل اثرات پر کم توجہ دیتے ہیں، مگر حل کے طور پر ٹیکس چھوٹ، رہن کی شرح میں کمی، ہاؤسنگ قیمتوں میں کمی اور صحت کی انشورنس پر سودے پیش کرتے ہیں۔