اسلام آباد (جنگ رپورٹر) پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت کی چیف جسٹس پاکستان، جسٹس یحییٰ آفریدی کے ساتھ ملاقات کی روشنی میں سپریم کورٹ نے عوامی شکایات کے حوالے سے نئے طریقہ کار (ایس او پیز) جاری کر دیے ہیں۔
ایس او پیز کے مطابق عدلیہ کے وقار، عدالتی امور اور دیگر سائلین کے حقِ رسائی پر سمجھوتہ کیے بغیر، متاثرہ افراد کیلئے رسائی، سہولت اور ہنگامی طبی امداد سمیت تمام ضروری مراعات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔
سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے تحفظات کو قانون کے مطابق متعلقہ انتظامی حکام کو بھیج دیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ 30 جنوری کووزیر اعلی خیبر پختونخوا سمیت پی ٹی آئی کے پارلیمانی وفد نے سپریم کورٹ کے سامنے جمع ہو کر اپنے قائد کی گرفتاری اور ان تک رسائی نہ ملنے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔
رجسٹرار سپریم کورٹ نے پی ٹی آئی کے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے تحفظات چیف جسٹس کے علم میں لائے جائیں گے جبکہ اسی روز پی ٹی آئی کے سیکریٹری سلمان اکرم راجہ نے چیف جسٹس سے ملاقات کی۔