کراچی (نیوز ڈیسک) ممدانی کا تارکین وطن کے حقوق کے لیے قرآن کریم سے استدلال ، قرآنی تعلیمات کی روشنی میں تارکین وطن کا دفاع، انصاف اور انسانی وقار کے اسلامی اصولوں پر زور۔ تفصیلات کے مطابق نیویارک شہر کے پہلے مسلمان میئر نے ایک نیا سیاسی طوفان کھڑا کر دیا ہے جب انہوں نے ’سینکچری سٹی‘ (پناہ گاہ شہر) کے سخت قوانین کے دفاع میں براہ راست نبی کریم ﷺ کی سیرت کا حوالہ دیا۔ ظہران ممدانی نے یہ مذہبی حوالہ جمعہ کی صبح ایک بین المذاہب ناشتے کی تقریب میں دیا، جس کے چند ہی لمحوں بعد انہوں نے ایک ایسی ایگزیکٹو آرڈر پر دستخط کیے جو شہر کے اداروں اور وفاقی امیگریشن افسران کے درمیان رکاوٹیں کھڑی کرتا ہے۔ نیویارک کے پانچوں اضلاع سے جمع ہونے والے تقریباً 400 مذہبی رہنماؤں سے خطاب کرتے ہوئے، 34 سالہ میئر نے کسی لگی لپٹی کے بغیر دوٹوک بات کی۔ ممدانی نے کہا کہ ʼمیں اپنے مذہب اسلام کو ہجرت کی داستان پر مبنی مذہب سمجھتا ہوں۔ ہجرت کا واقعہ ہمیں یاد دلاتا ہے کہ نبی کریم ﷺ بھی ایک مسافر (اجنبی) تھے، جنہوں نے مکہ سے ہجرت کی اور مدینہ میں ان کا والہانہ استقبال کیا گیا۔ اسلامی تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے، ممدانی نے ایسی آیات پیش کیں جو انصاف، انسانی وقار، اور کمزوروں کے تحفظ کی اخلاقی ذمہ داری پر زور دیتی ہیں۔ انہوں نے ان اصولوں کو ملک بھر میں غیر دستاویزی تارکین وطن اور پناہ گزینوں کو درپیش عصری جدوجہد اور مشکلات سے جوڑا۔