دوحہ (اے ایف پی) حماس کے سینئر رہنماء خالد مشعل نے امریکا اور اسرائیل کے مطالبات کو مستردکرتے ہوئے کہاہے کہ فلسطینی مزاحمتی تحریک حماس نہ تو اپنے ہتھیار ڈالے گی اور نہ ہی غزہ میں کسی غیر ملکی مداخلت کو قبول کرے گی‘فلسطینیوں پر حکمرانی فلسطینی ہی کریں گے‘خالدمشعل نے بورڈ آف پیس پر زور دیا کہ وہ ایک متوازن نکتہ نظر اپنائے جس کے تحت غزہ کی تعمیرنو اور وہاں کے تقریباً 22 لاکھ مکینوں تک امداد کی ترسیل ممکن ہو۔اتوار کو قطر کے دارالحکومت دوحہ میں منعقدہ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے خالد مشعل کاکہناتھاکہ مزاحمت‘اس کے ہتھیاروں اور اس مزاحمت کو انجام دینے والوں کو مجرم قرار دینا ایسی بات ہے جسے ہمیں کسی صورت قبول نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ جب تک قبضہ موجود ہے، مزاحمت بھی موجود رہے گی۔ قابض حالات میں رہنے والی اقوام کے لیے مزاحمت ایک حق ہے اور یہ ایسی چیز ہے جس پر قومیں فخر کرتی ہیں۔انہوں نے خبردار کیا کہ حماس فلسطینی علاقوں پرغیرملکی حکمرانی قبول نہیں کرے گی۔