کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ فائر بریگیڈ نظام ایک چھتری تلے لارہے ہیں ،مائی کراچی ایکسپو شہر کےکیلنڈر کا ایک اہم اور مستقل باب بن چکا ہے۔21ویں مائی کراچی نمائش سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے کراچی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (کے سی سی آئی) کو ایونٹ کے کامیاب انعقاد پر مبارکباد دی اورایونٹ کے تسلسل کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اتوار نمائش کا آخری دن ہے، جس میں گزشتہ چند دنوں کے دوران لاکھوں شہریوں نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ نمائش میں کئی دوست ممالک نے اپنے اسٹالز قائم کیے ، جہاں بین الاقوامی شراکت داروں نے اپنی مصنوعات اور ثقافت کی نمائش کی۔ گزشتہ دو دنوں میں لوگوں کی بڑی تعداد نے ایکسپو کا رخ کیا اور خریداری و کاروباری سرگرمیوں میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔انہوں نے حالیہ افسوسناک واقعات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد سانحہ کی وجہ سے قوم ابھی تک غمزدہ ہے جبکہ کراچی میں گل پلازہ واقعہ بھی عوام کے لئے نہایت تکلیف دہ ثابت ہوا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کے سی سی آئی کے ساتھ مل کر گل پلازہ کے متاثرین کی مدد اور بحالی کے لیے کام کر رہی ہے تاکہ ممکن حد تک نقصانات کا ازالہ کیا جا سکے۔مراد علی شاہ نے کہا کہ بیشتر چیلنجز کے باوجود سندھ ایک متحرک صوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ حال ہی میں کراچی میں بڑے پیمانے پر علاقائی اور بین الاقوامی ایونٹس منعقد ہوئے، جن میں ساتویں سائوتھ ایسٹ ایشین پارلیمنٹیرینز سیشن، کراچی لٹریچر فیسٹیول کا 17واں ایڈیشن اور حضرت لعل شہباز قلندر کے 774ویں عرس کی تقریبات شامل ہیں۔وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ پُرامن احتجاج آئینی حق ہے، تاہم اسے قانون کے دائرے میں رہنا چاہئے۔