لاہور(آصف محمود بٹ) پنجاب حکومت نے صوبے کی چار اہم سرکاری میڈیکل یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تقرری کے لیے باقاعدہ عمل کا آغاز کرتے ہوئے سرچ کمیٹیوں کی تشکیل کے نوٹیفکیشن جاری کر دیے ہیں۔ فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی،فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ،یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز ، کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی شامل ہیں یہ اقدام صوبائی کابینہ کی منظوری کے بعد اٹھایا گیا ہے جس کی باقاعدہ توثیق 20 جنوری 2026 کے خط کے ذریعے کی گئی تھی۔"جنگ" کو حاصل دستاویزات کے مطابق سرچ کمیٹیاں فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ایکٹ 2017، فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ایکٹ 2015، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز لاہور آرڈیننس 2002 اور کنگ ایڈورڈ میڈیکل یونیورسٹی ایکٹ 2005 کی متعلقہ دفعات کے تحت تشکیل دی گئی ہیں۔فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی، فیصل آباد کے وائس چانسلر کے انتخاب کے لیے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی ایکٹ 2017 کی شق 12(3) کے تحت تشکیل دی گئی سرچ کمیٹی میں مس فرخندہ وسیم افضل، سابق ڈائریکٹر جنرل سول سروسز اکیڈمی، ڈاکٹر اعجاز منیر، سابق ریکٹر نیشنل اسکول آف پبلک پالیسی، سیکریٹری محکمہ اسپیشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن، مسٹر شاہد حسین، ریکٹر لاہور یونیورسٹی آف مینجمنٹ سائنسز (لمز) اور ڈاکٹر محمد عدنان خان، ہیلتھ اکنامسٹ اور ممبر ہیلتھ ایڈوائزری کمیٹی شامل ہیں۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کمیٹی حکومت کی جانب سے مقرر کردہ طریقۂ کار اور اہلیت و اسکورنگ کے معیار پر عمل کرتے ہوئے میرٹ کی بنیاد پر تین موزوں امیدواروں کے نام حکومت کو سفارش کرے گی۔فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی، لاہور کے وائس چانسلر کی تقرری کے لیے فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی ایکٹ 2015 کی شق 12(3) کے تحت علیحدہ سرچ کمیٹی تشکیل دی گئی ہے، جس کی ساخت بھی وہی رکھی گئی ہے۔