کراچی(اسٹاف رپورٹر)جماعت اسلامی کا کل سندھ اسمبلی کے سامنے دھرنا دینے کا اعلان، نیٹ میٹرنگ ختم کرنے کے فیصلے کیخلاف رمضان المبارک کے بعد ملک گیر تحریک چلائی جائیگی،ظلم اور قبضے کا نظام مزید نہیں چلنے دینگے،قابض میئر کیخلاف تحریک عدم اعتمادبھی لائینگے، حافظ نعیم الرحمن۔ تفصیلات کے مطابق امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے ایک بار پھر اعلان کیا ہے کہ کراچی کے حق، مسائل کے حل اور با اختیار شہری حکومت کے لئے 14 فروری کو سندھ اسمبلی کے سامنے بھرپور دھرنا دیا جائے گا۔کراچی کو اس کا حق اور عوام کو جینے دیا جائے، تمام صوبائی حکومتیں آئین کے مطابق بلدیاتی اداروں کو با اختیار بنائیں۔وفاقی حکومت کا بجلی اور سولر پالیسی پر نیٹ میٹرنگ ختم کرنا عوام کے ساتھ دھوکہ ہے۔ وہ جمعرات کو ادارہ نورحق میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ حافظ نعیم الرحمن نے مزید کہا کہ شہر کی آبادی ساڑھے تین کروڑ ہے مگر مردم شماری میں دو کروڑ ظاہر کی گئی۔ پانچ سال میں ایک لاکھ عمارتیں بنیں جن میں سے 85ہزار غیر قانونی ہیں جو ٹائم بم بن چکی ہیں۔گل پلازہ سانحے نے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت کی نااہلی، کرپشن اور ایس بی سی اے کی کارکردگی کو بے نقاب کر دیا۔ عالمی معیار کے مطابق کراچی میں ہر ایک لاکھ آبادی پر ایک فائر اسٹیشن ہونا چاہئے مگر یہاں صرف 28 ہیں جن میں سے صرف 21 جزوی طور پر فعال ہیں۔