کراچی ( اسٹاف رپورٹر)خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری نے عورت فاؤنڈیشن کی 40ویں سالگرہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں خواتین کو اب بھی سنگین چیلنجز کا سامنا ہے اور خواتین کی حقیقی آزادی اسی وقت ممکن ہوگی جب ہر بچی کو اس کے مکمل حقوق فراہم کئے جائیں پاکستان کی تاریخ خواتین کے بغیر نامکمل ہے۔ انہوں نے عورت فاؤنڈیشن کی خواتین کے حقوق کے لئے چار دہائیوں پر مشتمل جدوجہد کو سراہا اور کہا کہ خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق ہر بحث انہیں اپنی والدہ شہید بینظیر بھٹو کی یاد دلاتی ہے، جو خواتین کی محض علامتی شمولیت کے بجائے ہر شعبے میں ان کی بامعنی شرکت پر یقین رکھتی تھیں،وزیر اعلیٰ ہاوس ترجمان کے مطابق عورت فاؤنڈیشن نے وزیر اعلیٰ ہاؤس کے بینکوئٹ ہال میں ایک باوقار تقریب کے ذریعے اپنی 40ویں سالگرہ منائی، جس میں پاکستان میں جمہوریت، امن، سماجی انصاف اور برابری کے لیے خواتین کی چار دہائیوں پر مشتمل جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔تقریب میں خاتونِ اول بی بی آصفہ بھٹو زرداری بطور مہمانِ خصوصی شریک ہوئیں جبکہ وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ، صوبائی وزراء، ارکان قومی اسمبلی، ارکان صوبائی اسمبلی، چیف سیکریٹری سندھ، سینئر سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے نمائندگان اور ملک بھر سے عورت فاؤنڈیشن کی قیادت نے شرکت کی۔